فواد چوہدری جواب دیں لوٹا نوازی نہ کریں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری ان سوالوں کا جواب دیں جو ان سے پوچھے ہیں، جواب دینے کے بجائے لوٹا نوازی نہ کریں۔

مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے اس بیان پر ردعمل کا اظہار کیا جو انہوں نے شہباز شریف کے سوالوں کے جوابات پر دیا تھا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ تحریک انصاف نئے اسپتالوں، یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے نام بتائے نا کہ دوسروں کے بنائے ہوئے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگائے۔

انہوں نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب شہبازشریف یونیورسٹیاں بنا رہے تھے تو آپ دھرنے دے رہے تھے، جب شہبازشریف کالجز اور اسپتال بنا رہے تھے تب آپ پارلیمان اور پی ٹی وی  پر حملے کر رہے تھے، اسی طرح جب شہباز شریف روڈ  نیٹ ورک اور بجلی کے منصوبے بنا رہے تھے تو آپ لوگوں کو گالیاں دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے آپ کی سب سے بڑی کارکردگی 90 دن میں احتساب کمیشن کو تالہ لگانا ہے جبکہ اگر بجلی کی بات کی جائے تو پہلے عمران خان پورے پاکستان کے لیے پیدا کرنے والی بجلی کی وضاحت کریں۔

مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کو جواب دیا کہ آپ کہتے ہیں شہباز شریف نے کچھ نہیں کیا تو پھر 14  یونیورسٹیاں، 200 کالجز، دیہاتی علاقوں کی آٹھ  ہزار کلومیٹر سڑکیں اور 5300 میگا واٹ بجلی کے منصوبے کس نے بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام فیصلہ کریں گے اور پورا پاکستان نون لیگ کے کام کی گواہی دے گا۔

ایک اور بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون  پارٹی کی تمام خواتین ورکرز کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے، جن خواتین کو ٹکٹ نہیں ملے وہ  دکھی نہ ہوں مسلم لیگ نون سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزرا کی پریس کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری حکومت نے لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا۔ اگر ہمارے دورمیں گیارہ ہزار سے زائد میگا واٹ بجلی نہ پیدا ہوتی تو آج ملک بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار ہوتا۔


متعلقہ خبریں