چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز تبدیل


اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں عام انتخابات سے پہلے بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح  پر تقرریوں  اور تبادلوں کے سلسلے میں چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز پولیس (آئی جیز)  اور چیف سیکرٹریز تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

نئی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ  ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس  میں دی گئی جبکہ اس سے قبل چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے نگراں وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی جس میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تقرریوں پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق انسپکٹر جنرل  (آئی جی) پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے، امجد جاوید سلیمی اس وقت موٹر وے پولیس کے سربراہ  کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب میں عارف نواز کی جگہ سید کلیم امام کو نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کی جگہ محمد طاہر اور بلوچستان میں معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو نیا انسپکٹر جنرل پولیس لگایا گیا ہے۔

چاروں صوبوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چیف کمشنر اور آئی جی کا تبادلہ بھی کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق جودت ایاز نئے چیف کمشنر اور جان محمد آئی جی اسلام آباد ہوں گے۔

اسی طرح  پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکرٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکرٹری سندھ تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ وفاقی سیکرٹری اکبر درانی کو پنجاب کا نیا چیف سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے نئے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ اور بلوچستان کے نئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر اختر نذیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں