بیگم کلثوم وینٹی لیٹر پر منتقل، نواز شریف لندن پہنچ گئے


لندن: سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت مزید بگڑگئی ہے اور انہیں وینٹی لیٹرپرمنتقل کر دیا گیا ہے، بیگم کلثوم نواز کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر جمعرات کی صبح ہی دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، میاں نوازشریف بھی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں، اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز ایئرپورٹ سے سیدھے  ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچے۔

میاں نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کی عیادت اور اہلخانہ کے ہمراہ عید منانے کے لیے قطر ایئرلائنز کی پرواز سے براستہ دوحا جمعرات کی صبح لاہور سے  لندن روانہ ہوئے تھے۔

لندن پہنچنے پر مریم نواز نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میری والدہ کی طبیعت بے حد خراب ہے، انہوں نے ایک بار پھر ان کے لیے دعاؤں کی اپیل کی۔

مریم نواز نے لندن روانگی سے قبل بھی سوشل میڈیا کی سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ لندن روانہ ہو رہی ہیں جہاں سے اگلے ہفتے ان کی واپسی ہو گی، انہوں نے کہا تھا کہ وہ  اپنی ماں سے ملنے اور انہیں گلے لگانے کو بیتاب ہیں۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں بیگم کلثوم نواز کی صحت کے لئے تمام لوگوں سے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔

بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر کی وجہ سے پچھلے کئی ماہ سے لندن میں زیرعلاج ہیں، نوازشریف اس سے قبل بھی انہیں ملنے کے لیے لندن جا چکے ہیں۔

نیب نے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا کہ نوازشریف، مریم نواز اور دیگر ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے تاہم وفاقی حکومت نے اس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

بیگم کلثوم نواز کو طبیعت خراب ہونے پرجمعرات کی صبح ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کا گھر پر چیک اپ کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کیا اور کمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔


متعلقہ خبریں