شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید ہفتے کو ہو گی


کراچی: پاکستان میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا اورعیدالفطر ہفتہ 16 جون کو منائی جائے گی۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی کے محکمہ موسمیات کے دفتر جبکہ صوبائی زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا عید الفطر ہفتہ 16 جون کو منائی جائے گی۔

اجلاس سے قبل مفتی منیب الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے کوئی امکان نہیں، ہم مفتی ہیں نجومی نہیں، کوئی پیشگوئی نہ کی جائے، معاملہ حساس ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، جاپان، پیرس، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور متعدد یورپی ممالک میں عید کا چاند نظر آ گیا ہے جہاں جمعہ 15 جون کو عید الفطر منائی جائے گی۔

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عید ہفتے کو ہی منائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں