کراچی میں بارش اور لاہور میں گردآلود ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے دن سے ملک میں پری مون سون بارش کے آغاز کی پیشن گوئی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جمعۃ المبارک کے دن ہی سے کراچی میں ہلکی بارش برسا کر گرمی کا زورتوڑدیا۔

ہلکی بارش دراصل گرمی کے ستائے روزہ داروں کے لیے عیدالفطر کا تحفہ ثابت ہوئی ہے۔ ماہرین موسمیات توقع ظاہرکررہے ہیں کہ عید کے ایام اہل کراچی کےلیے موسم کے اعتبار سے انتہائی خوشگوار ثابت ہوں گے۔

لاہورمیں بھی چلنے والی تیز گرد آلود ہواؤں نے شہر کا درجہ حرارت معتدل کردیا ہے، گرمی کی تپش میں نمایاں کمی آئی ہے اور شہریوں کے چہرے محکمہ موسمیات کی یہ پیشن گوئی جان کر ہی کھل اٹھے ہیں کہ عیدالفطر کے دن شہر میں برسات ہوگی۔

واقعات کے مطابق کراچی میں جمعۃ المبارک کی صبح سے شارع فیصل، ملیر، ایئرپورٹ، آئی آئی چندریگرروڈ، ٹاور اورشاہ فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش نے موسم انتہائی خوشگوار کردیا ہے۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اورمحکمہ موسمیات نے بھی مطلع ابرآلود رہنے کی نوید سنائی ہے۔

روشنیوں کے شہر کا درجہ حرارت صبح کے اوقات میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیاجا سکتا ہے۔

شدید گرمی کا شکار رہ چکنے والے اہل کراچی کو محکمہ موسمیات نے یہ بھی خوشخبری سنائی ہے کہ شہرکی ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے اور ہوا 34 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

رمضان المبارک کی ابتدا ہی میں سخت گرمی ۔ شدید حبس اور سمندری ہواؤں کی بندش نے شہریوں نے زندگی اجیرن بنادی تھی۔ شہر میں بڑھتی ہوئی بجلی کی غیراعلانیہ بندش (لوڈشیڈنگ) نے اس پرمزید ستم ڈھایا تھا۔

کراچی کی گھمبیر صورتحال کو دیکھ کرصوبائی حکومت نے شہرمیں ایمرجنسی نافذ کرکے اسپتالوں میں لو لگنے (ہیٹ اسٹروک) والے امراض میں مبتلا مریضوں کی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے علیحدہ وارڈز قائم کیے تھے۔

حکومت اورسماجی تنظیموں کی جانب سے عوام الناس میں لو لگنے اوراس سے بچاؤ کے ضمن میں بھرپورآگاہی مہم بھی ذرائع ابلاغ کے ذریعے چلائی گئی جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے۔

سماجی و فلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی جگہ جگہ امدادی کیمپس لگائے گئے جہاں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد بہم پہنچانے کے تمام انتظامات مکمل تھے۔ فلاحی و سماجی تنظیموں نے پانی کی سبیلیں بھی قائم کرکے وہاں ٹھنڈے مشروبات سمیت یخ پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جس کی بنا پر2015 کی طرح بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا نقصان نہیں ہوا اور لوگوں کا بچاؤ ممکن ہوسکا۔

لاہور میں صبح سے گرد آلود ہواؤں کا راج ہے جسے شہرکا سارا منظر دھندلا گیا ہے لیکن گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور بڑھتی ہوئی تپش معمول کی طرف لوٹنے لگی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعۃ المبارک کے دن سے متعلق پیشن گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ہفتہ کے دن سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ جمعۃ المبارک کے دن سے ملک میں داخل ہونے والی نمدار ٹھنڈی ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی تو گرج چمک کے ساتھ بارش کا سبب بنیں گی۔۔


متعلقہ خبریں