قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے منہ سے تلخ سچ نکل ہی گیا


کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے منہ سے اس وقت تلخ سچ نکل ہی گیا جب انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اورآئرلینڈ کےدورے پرجانے والی کرکٹ ٹیم کے متعلق اکثریت کا خیال تھا کہ ٹیم ہارکرآئے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے دورے کے دوران دو ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے۔ قومی کرکٹ ٹیم ایک ٹیسٹ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آئرلینڈ کے خلاف میدان میں اتری۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی۔

آئرلینڈ کے خلاف کھیلا گیا واحد ٹیسٹ گرین کیپ کے نام رہا۔ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچ بھی گرین شرٹ نے اپنے نام کئے۔

قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انگلینڈ اورآئرلینڈ کے کامیاب دورے سے واپسی پر کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم جیت کے ٹریک پر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی ٹی 20 ٹیم دنیا کی نمبرون ٹیم ہے۔

عیدالفطر سے محض ایک دن قبل وطن واپس پہنچنے والے کپتان سرفراز احمد نے رمضان المبارک کو ہمیشہ یادگار قراردیتے ہوئے کہا کہ یقیناً اس کا سبب یہ ہے کہ رمضان میں لوگوں کی دعائیں ساتھ ہوتی ہیں۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید خوشیوں کا دن ہوتا ہے لیکن اپنی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شریک کریں۔

دورہ انگلینڈ اورآئر لینڈ کے دوران تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں ٹیسٹ میچ جیتنے والے پانچویں پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا کہ مسلسل آٹھ  ٹی 20 سیریز جیتنے والے وہ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوانوں پر مشتمل کرکٹ ٹیم کا جیتنا بڑی کامیابی ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ میں برازیل کو اپنی فیورٹ ٹیم قراردیتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ہمیشہ برازیل کو ہی سپورٹ کرتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان نے چیمپینز ٹرافی کو ماضی کا حصہ قراردیتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں آگے کی جانب دیکھنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں