پری مون سون شروع، جڑواں شہروں میں گرد آلود ہوائیں اور طوفانی بارش


اسلام آباد: جمعہ کو تمام دن گرد آلود لیکن  گرم ہواؤں کے بعد شام کے وقت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل خوب جم کر برسے اور چند منٹ میں ہی جل تھل ایک ہو گیا، بارش کے پانی نے دیکھتے ہی دیکھتے سڑکوں اور گلیوں کو ندی نالوں میں بدل دیا اور کئی کچی بستیاں اور نشیبی علاقے بھی زیر آب آ گئے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی ملک کے دیگر حصوں کی طرح گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے جس سے روزہ دار سخت پریشان تھے، بارش نے رمضان کے آخری روزے کو خوشگوار بنا دیا جس سے روزہ داروں سمیت تمام لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی شام ہونے والی بارش کے ساتھ  ہی ملک کے بیشترعلاقوں میں پری مون سون  کا آغاز ہو گیا ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

جڑواں شہروں کے علاوہ مری، گلیات، صوابی سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی جمعہ کی شام طوفانی بارش ہوئی جس سے گرمی کے ستائے  شہریوں کے چہرے کھلکھلا  اُٹھے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ جمعہ سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں نم ہوائیں داخل ہوں گی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ ہفتے سے ملک بھر میں باقاعدہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات غلام رسول کے مطابق ملک میں بارشوں کا سلسلہ جمعے سے ہی شروع  ہو جائے گا، بالائی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں زیادہ بارشیں ہوں گی جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں بارشیں کم رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے تینوں روز اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ہفتے کو ملک کے کئی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم مالا کنڈ، ہزارہ،  کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

غلام رسول نے  بتایا کہ سات جون کو طلب کیے گئے اجلاس میں متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا تھا جبکہ بڑے شہروں میں انتظامیہ نے ندی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے تاہم پری مون سون بارشوں میں طغیانی کا امکان کم  ہے۔


متعلقہ خبریں