اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے اچھے نتائج دیں گے، آئی جی سندھ


کراچی: نئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ  امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام سے متعلق جلد اچھے نتائج دیں گے، عام انتخابات کا فری اینڈ  فیئر انعقاد  ہماری اولین ترجیح  ہے۔

آئی جی سندھ  سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ  تعارفی اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جرائم سے نمٹنے کے لیے سختی دکھانا ہو گی اور اسٹریٹ کرائم  کی روک تھام کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنا ہوں گی۔

آئی جی سندھ  نے عام انتخابات میں میڈیا سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات میں اچھا کردار ادا کریں گے جبکہ انتخابات کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔

اس سے پہلے نئے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے لیے سینٹرل پولیس آفس پہنچے تو اعلیٰ پولیس حکام نے ان کا خیر مقدم کیا، پولیس کے چاق و چوبند  دستے نے انہیں سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔

امجد جاوید سلیمی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے قبل چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری اور آئی جی تبدیل کرنے کی ہدایات کی روشنی میں اے ڈی خواجہ کی جگہ سندھ کا نیا آئی جی مقرر کیا گیا ہے۔

گریڈ 21 کے سینئر افسر امجد جاوید سلیمی نے یکم نومبر 1986 کو پولیس میں شمولیت اختیار کی اور سب سے پہلی ڈیوٹی بطور اے ایس پی اوگی، مانسہرہ میں انجام دی۔

امجد جاوید سلیمی اقوام متحدہ کے امن مشن پر ڈیڑھ سال بوسنیا میں بھی تعینات  رہے، امجد سلیمی پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈی پی او کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں  جبکہ بلوچستان میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور سی سی پی او کوئٹہ بھی رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں