شوال: چیک پوسٹ پر حملہ، تین اہلکار شہید، 5 دہشت گرد ہلاک


راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاکستانی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے حملے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین سیکیورٹی اہلکار بھی شہید  ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے گربز میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تاہم پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں حوالدار افتخار احمد، سپاہی آفتاب رحمان اور عثمان علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے تاہم پاک  فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دشمن کو نقصان اٹھانا پڑا۔

نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے واقعے کی شدید مذمت کی اور حملے کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے  پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔


متعلقہ خبریں