بچے معاشرے کا اہم جز اور مستقبل کے معمار ہیں، چیئرمین سینیٹ


کوئٹہ: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بچے معاشرے کا اہم جز اور مستقبل کے معمار ہیں جبکہ ایس او ایس ویلج طرز کے مزید ادارے بنانے کی ضرورت ہے۔

چیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے عید کے دوسرے روز کوئٹہ میں ایس او ایس ویلج کے دورے کے دوران بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور 150 سے زائد بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔

چیئرمین سینیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ ایس او ایس ویلج آنے کا مقصد بچوں کو یہ احساس دلانا تھا کہ وہ بھی معاشرے کا اہم حصہ اور قوم کا مسستقبل ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایس او ایس ویلج کی طرز کے مزید ادارے بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سماجی تقسیم میں کم وسائل کے حامل افراد اور بچوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایس او ایس ویلج میں موجود بچوں میں دوسرے بچوں کی طرح بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ معاشرے کے وسائل سے محروم طبقات خاص طور پر بچوں کو تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے وہ نہ صرف ایوان بالا کا پلیٹ فارم استعمال کریں گے بلکہ مخیر حضرات سے بھی اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کریں گے۔

ایس او ایس ویلج

سیو آور سولز ( ایس او ایس ) ویلج کا قیام 1949 میں آسٹریا میں عمل میں آیا۔ جس کا دائرہ کار 1955 تک یورپ کے کئی ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی سمیت دیگر ممالک تک پھیل گیا تھا۔ 1963 تک ایس او ایس ویلج کے کئی مراکز ایشیائی ممالک  ( پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک ) میں بھی قائم کردیے گئے تھے۔

اس وقت ایس او ایس ویلج کے دنیا بھر میں چھ سو سے زائد مراکز موجود ہیں جہاں 82 ہزار سےزائد بچوں کو اچھی پرورش اور رہائش کے لیے بہترین ماحول مہیا کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں