نگراں حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو برطرف کرے، طاہر القادری


لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار اپنے اپنے عہدوں پر براجمان ہیں، نگراں حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو برطرف کرے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو چار سال بیت گئے ہیں لیکن کسی ایک بھی مجرم کو گرفتار نہیں کیا  گیا ہے۔ قانون قاتل اور مقتول کے درمیان فرق کرنے سے ہی قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے لیکن ہم حصول انصاف کے عمل کو انتخابات سے جوڑنا نہیں چاہتے ہیں۔

طاہر القادری نے انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں دستور کی دفعہ 62 اور 63 کا دور دور تک کوئی نام نہیں ہے۔ صادق اور امین کی شرط ہر کسی کے لیے ہونی چاہیے۔ اسی لیے میں اس نظام کو گندگی کہتا ہوں جو بددیانت کو منتخب ہونے سے نہیں روک سکتا ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا جس میں عوامی تحریک کے کارکنان نے مزاحمت کی تھی۔ لاہور پولیس اور عوامی تحریک کے درمیان جھڑپ میں 14 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں