آصف زرداری کے کاغذات پر اعتراض بہکاوے کا نتیجہ تھا،فاروق نائیک

فوٹو: فائل


نواب شاہ: ممتاز قانوندان فاروق ایچ نائیک نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی پراعتراضات کرنے والوں نے اپنے بہکاوے میں آنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر 13 جون کو دو اعتراضات آئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں درخواست گزاروں نے آج کہا کہ ہم کسی کے بہکاوے میں آگئے تھے۔

سابق صدر پاکستان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی زرعی زمین کا ٹیکس کلیئر ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کے دوران تین رپورٹس ریٹرننگ افسر کو ارسال کرتے ہیں لیکن تینوں رپورٹس نہیں بھیجی گئیں۔

ممتاز قانوندان فاروق ایچ نائیک نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کا یہ اقدام امیدواروں کو ہراساں کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

نواب شاہ میں سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کیا گیا تھا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیارکیا تھا کہ آصف علی زرداری صادق اورامین نہیں ہیں، ان کی نااہلی کے ثبوت موجود ہیں۔

آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کیے جانے والے اعتراض میں استدعا کی گئی تھی کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔


متعلقہ خبریں