طیارے میں بھکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

طیارے میں بھکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ایران جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی فلائٹ میں ایک بھکاری کے آنے اور مسافروں سے بھیک مانگنے کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیرگردش ویڈیو میں ایک ضعیف العمر شخص کو سر پر کپڑا لپیٹے دیکھا جا سکتا ہے۔ جو پرواز سے قبل جہاز میں مسافروں کے درمیان کھڑے ہو کر مدد طلب کر رہا ہے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعوی کیا کہ یہ بھکاری کراچی سے بنکاک جانے والی فلائٹ میں داخل ہوا تھا، متعدد نے خیال ظاہر کیا کہ وہ سندھی زبان بول رہا ہے، ایسے سوشل میڈیا صارف بھی سامنے آئے جن کا کہنا تھا کہ بھکاری کا تعلق ایران سے ہے اور وہ دوحا سے آنے والی فلائٹ میں موجود تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر زیرگردش الگ الگ اطلاعات میں طیارے کو تھائی ایئر یا قطر ایئر کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ طیارے کو تھائی ایئر کا حصہ قرار دینے والوں نے اسے فلائٹ نمبر ٹی جے 507 جب کہ قطر ایئرویز قرار دینے والوں نے فلائٹ نمبر کیو آر 476 قرار دیا۔ دونوں غیر ملکی ائیر لائنز میں کسی نے تاحال اس معاملے کی وضاحت نہیں کی ہے۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں داخل ہونے کے بعد بھیک مانگنے والے فرد کو متعدد مسافروں نے رقم بھی دی۔ اس دوران فضائی پرواز کا عملہ بھکاری کو ہوائی جہاز سے ہٹانے کی کوششوں میں مصروف رہا۔

مختصر ویڈیو کے ایک منظر میں نظر آنے والے انٹرٹینمنٹ سسٹم پر درج تفصیلات میں فلائٹ کی شناخت واضح ہے جو اسے قطر ایئرویز کا حصہ بتاتی ہے جب کہ فضائی میزبانوں کا یونیفارم بھی واضح کرتا ہے کہ طیارے کا تعلق خلیجی ملک قطر کی سرکاری ایئرلائن سے ہے۔

طیارے میں بھکاری کی آمد کے متعلق وائرل ویڈیو کا ایک منظر جس میں فلائٹ کی تفصیل دیکھی جا سکتی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع سے منسوب رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ طیارے میں بھکاری کی موجودگی کی ویڈیو دوحا سے شیراز جانے والی قطر ایئرویز کی فلائٹ کی ہے۔

گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقع کے متعلق بتایا گیا ہے کہ بھکاری کہا جانے والا فرد سیکیورٹی انتظامات کو چکمہ دے کر طیارے میں نہیں پہنچا بلکہ مطلوبہ دستاویزات کی مدد سے ٹکٹ خرید کر مسافر کے طور پر ہوائی جہاز میں پہنچا تھا۔

پاکستانی میں فضائی ٹریفک کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹ پر طیارے میں بھکاری کے سوار ہونے کی اطلاعات کو بے بنیاد افواہ قرار دیتے ہوئے ان پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی افواہوں کو پھیلا کر ملک کو بدنام نہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں