کراچی: پانچ سیاسی جماعتوں کے سربراہ انتخابی اکھاڑے میں

کراچی کے حوالے سے رواں ماہ اہم فیصلے متوقع

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سیاسی دنگل کا مرکز رہے گا کیونکہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ پاکستان کے اس سب سے بڑے شہر سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق کراچی سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ نون پاکستان کے صدر شہباز شریف، ایم کیو ایم  کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے سابق کنوینر فاروق ستار سمیت دیگر کے کاغذات منظور کر لیے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 246 جبکہ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے این اے 249 اور 250 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قومی اسمبلی کی نشست این اے 243، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے این اے 241 اور این اے 247 سے کاغذات منظور ہوئے ہیں لیکن این اے 245 سے فاروق ستار کے کاغذات مسترد کردیئے گئے ہیں، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی این اے 254 اور 255 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کے کاغذات دونوں نشستوں کے لیے منظور ہو گئے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 سے انتخابی دنگل میں اتر رہے ہیں جبکہ پرویز مشرف کے کاغذات مسترد ہونے پر سابق صدر انتخاب سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

مشہور اداکار اور پیپلزپارٹی کے امیدوار قیصر نظامانی کے بھی قومی اسمبلی کے حلقے 245 سے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں