نئے اور پرانے لاڈلے کی صفوں میں انتشار پیدا ہو گیا ہے، چانڈیو


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مخالف قوتیں انتخابات سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نئے اور پرانے لاڈلے کی صفوں میں انتشار پیدا ہو گیا ہے اور مفادات کی وجہ سے متحد ہونے والے موقع پرست تتربتر ہونا شروع ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون پہلی مرتبہ بغیر کسی سہارے کے انتخاب لڑرہی ہے جس کی وجہ سے بے چین ہے اور اسی وجہ سے نون لیگ میں انتشار اور ٹوٹ پھوٹ اپنے عروج  پر ہے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون انتخابات سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کرچکی ہے جس کی واضح مثال سابق وزیراعظم  کا بیان ہے جس میں اُنہوں نے کہا ہے کہ ملک مضبوط  ہاتھوں سے کمزور ہاتھوں میں چلا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ عام انتخابات میں جنہیں سہارا نظر آ رہا ہے وہ اتنے گھمنڈ میں آ گئے ہیں کہ اب اُن کا کوئی اصول ہی نہیں رہا، سارے بے اصولوں اور لوٹوں کی دوڑ سہارے والوں کی طرف ہی ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں انتخابات لڑ رہی  ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت  ہے جس نے انتخابات  کے پہلے مرحلے میں مخالف جماعتوں کے ٹکٹ تسلیم کرنے کا عمل خوش اسلوبی سے طے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس الزامات اور گالم  گلوچ کے علاوہ  کچھ  نہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے پاس قربانیوں سے بھرا ماضی اور روشن مستقبل کا منشور ہے۔


متعلقہ خبریں