اماراتی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت


اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عرب امارات کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیرعبید ابراہیم سالم الزابی سے وزیراعظم آفس میں خیرسگالی ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ اطمینان بخش ہے۔

امارات کے سفیر نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں جمہوری تبدیلی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے، انہوں نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنی بھرپور صلاحیت کے اظہار کے لیے ایکسپو 2020 کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لائے گا۔

وزیراعظم نے اقتصادی ترقی، سماجی بہبود اور انسانی ہمدردی معاونت میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر یو اے ای کی تعریف کی۔


متعلقہ خبریں