پاکستان چار سال میں کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کی میزبانی کرے گا


اسلام آباد/دبئی: پاکستان آئندہ چار سال میں کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کی میزبانی کرے گا، بھارت کے علاوہ جن ممالک کی ٹیمیں پاکستان کی مہمان بنیں گی ان سے ٹیسٹ میچوں کے علاوہ ون  ڈے اور ٹی ٹوینٹی میچوں کے مقابلوں میں بھی میدان لگے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چارسالہ فیوچر ٹور پروگرام جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بھارت کےعلاوہ آئندہ سالوں میں دنیائے کرکٹ کی تمام بڑی ٹیمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مہمان بنیں گی۔

آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اکتوبر2019 میں پاکستان سری لنکا کی میزبانی کرے گا جس کے دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں میں مدمقابل ہوں گی جبکہ نومبر2019 میں پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوینٹی اور تین ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔

جنوری 2020 میں ایک بار پھر سری لنکا  کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور تین ایک روزہ میچ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے گی، فروری 2020 میں پاکستان بنگلہ دیش ٹیم کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلیں گی۔

اسی طرح جون 2020 کو گرین شرٹس تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے انگلینڈ جائے گی، اسی ماہ آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوینٹی میچ  بھی ہوں گے۔

اکتوبر 2020 پاکستان کے جنوبی افریقہ کے دورے کا مہینہ ہے جبکہ نومبر 2020 میں زمبابوے کی ٹیم  پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے دوران تین ٹی ٹوینٹی اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے، دسمبر کے مہینے میں پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔

2021 بھی گرین شرٹس کے لیے بہت مصروف سال ہو گا، فروری میں جنوبی افریقہ کی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے پاکستان آئے گی جبکہ اپریل میں قومی ٹیم زمبابوے کے دورے پر روانہ ہو گی جہاں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے جائیں گے۔

اسی سال جولائی میں پاکستان کرکٹ ٹیم ایک بار پھر انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہو گی جہاں تین ایک روزہ میچ  اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز اس کی منتظر ہو گی، اگست 2021 میں پاکستان ٹیم  ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی اور تین ایک روزہ میچ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی۔

ستمبر 2021 میں پاکستان ٹیم تین  ون ڈے میچز کھیلنے افغانستان جائے گی اور دسمبر میں قومی ٹیم  ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی اور تین  ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی۔

اکتوبر 2021 میں پاکستان، نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیمیں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گے،  دسمبر 2021 میں پاکستان ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

2022 کا آغاز پاکستان  فروری میں آسٹریلیا کی میزبانی سے کرے گا، دونوں ٹیمیں تین ون ڈے، تین ٹی ٹوینٹی میچز کے علاوہ  دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلیں گی، اگست میں پاکستان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلنے کے لیے سری لنکا جائے گی۔

نومبر 2022 میں پاکستان پانچ  ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا، اسی سال کے آخر میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچز کی سیریز شروع  ہو گی جس کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا۔


متعلقہ خبریں