حب ڈیم خشک ہوگیا : کراچی کو پانی کی فراہمی بند


کراچی: پاکستان کے  سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی کو روزمرہ کی ضروریات کے لیے پانی فراہم کرنے والا حب ڈیم خشک ہوگیا۔ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی ( کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ )  نے ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ جانے کے بعد کو شہر قائد کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی۔

حب ڈیم سے شہر قائد کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی فراہم ہوتا تھا۔ عید سے قبل صرف 20 ایم جی ڈی پانی بمشکل فراہم ہوپارہا تھا۔

حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہونے سے نیو کراچی ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، ایف بی ایریا ،بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

واٹر ٹینکر سروس کے ذریعے پانی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن واٹر ٹینکر سروس محدود ہونے کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ قلت آب نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔

ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسد شیخ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حب ڈیم کے گہرے حصوں سے پانی نکالنے کے لئے چھ ہیوی ڈیوٹی موٹرز کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد ڈیم سے حب کینال میں پانی ڈالنے کا کام بھی شروع کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں