سندھ اور پنجاب میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی منظوری

چیف الیکشن کمشنر: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان موجود ڈیڈ لاک کی اندرونی کہانی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے سندھ اور پنجاب میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) کے تبادلوں کے بعد  بیوروکریسی اور پولیس افسران کے تبادلوں کی منظوری دی ہے۔

سندھ کے 14 محکموں کے سیکرٹریز، چھ کمشنرز، 33  ڈپٹی کمشنرز، دو ایڈیشنل انسپکٹر جنرلز، 14 ڈی آئی جیز اور متعدد سینئر سپرنٹنڈنٹس پولیس (ایس ایس پیز) کے تبادلوں کی منظوری دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن  نے پنجاب کے 34 صوبائی سیکرٹریز اور مینیجنگ ڈائریکٹرز (ایم ڈیز) کو تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

پنجاب کے 35  ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرلز ( ڈی جیز)  کے تبادلے جبکہ 77 ایس ایس پیز، ایڈیشنل آئی جیز، ایس پیز اور ایڈیشنل ایس پیز کے بھی تبادلوں کی منظوری دی گئی ہے۔

پنجاب کے 18 پولیس افسران کے علاوہ مختلف صوبوں میں خدمات انجام دینے والے وفاق کے  28 افسران کی خدمات بھی  واپس وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔

صوبائی حکومتوں نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات سے قبل اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی درخواست کی تھی جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بھی سندھ اور پنجاب کی بیوروکریسی پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے اور منگل کے روز  بیوروکریسی کی تبدیلی کے لیے نگراں وزیراعظم کو خط بھی لکھا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں