پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تاریخ کی ریکارڈ سطح پر


اسلام آباد: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 15 ارب 96 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 11 ارب 14 کروڑ ڈالرز تھا۔

پاکستانی معیشت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے ساتھ  ساتھ  بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کا بھی سامنا ہے جو رواں مالی سال کے دوران 34 ارب ڈالر کے قریب پہنچ چکا ہے، موجودہ تجارتی خسارہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 13.4 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی 2017 سے مئی 2018 کے دوران برآمدات کا حجم 21 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ  ڈالر رہا جبکہ درآمدی بل 55 ارب 23 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، درآمدات میں اضافے کی ایک اہم وجہ تیل کے بل میں 30.43 فیصد اضافہ ہے۔


متعلقہ خبریں