وہ منصوبے بھی مکمل کیے جو سفید ہاتھی بن چکے تھے، احسن اقبال


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے نہ صرف پانچ سال میں وہ منصوبے مکمل کیے جو ایک عرصے سے زیر التوا تھے بلکہ وہ منصوبے بھی مکمل کیے جو سفید ہاتھی بن گئے تھے۔

احسن اقبال نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا منصوبہ دوبارہ ہم نے زندہ کیا اور اسے مکمل کیا، ہماری حکومت نے ہی لواری ٹنل منصوبہ اور نیلم جہلم منصوبہ مکمل کیا اور نیلم جہلم سے اب بجلی بھی مل رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا ویژن 2025 ہے جس کے تحت معیشت کو بہتر بنانا ہے، ہم نے بڑے بڑے پراجیکٹ مکمل کیے ہیں اور انفرا اسٹرکچر مضبوط کیا، ہماری پانچ سال کی ترجیحات میں ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ بھی شامل تھی۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ ہم نے اپنے دور میں کئی یونیورسٹیاں اور 45 کے قریب نئے کیمپس قائم  کیے جبکہ  پنجاب حکومت کے تحت یونیورسٹی کیمپس کا قیام اس کے علاوہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ خیبرپختونخوا (کے پی) میں کتنی یونیورسٹیاں ہیں تو وہ کوئی خاطر خواہ جواب نہ دے سکے۔


متعلقہ خبریں