نواز شریف کو خوشامدیوں سے بچنے کا مشورہ دیا، چوہدری نثار


راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ نواز شریف کو خوشامدیوں سے بچنے کا مشورہ دیا، میں نے انتخابات جیتنے کے بعد اپنے خاندان کی جیبیں نہیں بھریں۔

چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی میں اپنے انتخابی حلقے این اے 59 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے مدمقابل جتنے بھی امیدوار ہیں وہ اس حلقے کے رہائشی ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریریں کرنا آسان اور خدمت کے نشان چھوڑنا انتہائی مشکل ہے، میں نے پہلی بار منتخب ہونے کے بعد اس علاقے کی خدمت کا بیڑا اُٹھایا تھا اور مجھے 35 سال ہو گئے ہیں اس علاقے سے انتخاب لڑتے ہوئے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں انسان ہوں اور انسانوں سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود نہ میں نے کبھی اپنے مخالف سے زبردستی کی اور نہ ہی کسی کو انتقام کا نشانہ بنایا، میں نے انتخابات جیتنے کے بعد اپنے خاندان کی جیبیں نہیں بھریں اور نہ ہی سی این جی اسٹیشنز لگائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس حلقے میں اپنی جوانی اور زندگی دی ہے اور جب بھی اقتدار میں آیا اپنے حلقوں کی خدمت کی ہے اسی وجہ سے آج بھی راولپنڈی اور روات کے لوگ مجھے ووٹ دیتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف کو آگاہ کر دیا  تھا خوشامدی لوگ جو لوگ ہاتھ  باندھ  کر بات کرتے ہیں وہ وفادار نہیں اور ہمیشہ سچی اور کھری بات نواز شریف کے سامنے کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کوئی پارٹی سربراہ اس حلقے میں نہیں آیا، میں نے سیاست پیسہ بنانے کے لیے نہیں کی اور نہ ہی عزت عہدوں سے ملتی ہے۔

چوہدری نثار نے اپنے حلقے کے لوگوں سے کہا کہ آپ کا مقابلہ مخالفین سے نہیں بلکہ اپنوں کے ساتھ  ہی ہے اور آپ نے میرا مان رکھنا ہے، میں نے وزیرداخلہ ہوتے ہوئے فوج کے ساتھ  مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔


متعلقہ خبریں