بے اختیار جمہوریت نہیں چاہیئے، بلاول بھٹو


لاڑکانہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا کو محدود کیا جا رہا ہے لیکن  ہمیں بے اختیار یا کٹھ پتلی جمہوریت  نہیں چاہیئے، ہم سیاسی احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔

لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو ازم کو ختم کرنے والے اسے  ختم نہیں کرسکے کیونکہ بھٹو ازم کا نظریہ صدیوں کی غلامی سے آزادی کا نظریہ تھا وہ نظریہ غریبوں کے حقوق اور کسانوں کی خوشحالی کا نظریہ تھا اور اسی نظریے نے لوگوں کو ووٹ کا حق دیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ایک مرکز جاتی عمرہ اور ایک بنی گالا میں بنا ہوا ہے اور ان میں سے ایک نے پارلیمان کا تقدس پامال کیا جبکہ دوسرا طالبان کے کندھوں پر وزیراعظم بننا چاہتا ہے، آج ایک شخص لوٹوں کا تاج محل تعمیر کررہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت سیاسی مچھروں نے سیاست پر حملہ کیا ہوا ہے لیکن سندھ کے بیٹے اور بیٹیاں ان مچھروں کا مقابلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم نفرت کی نہیں عوام کی سیاست کرتے ہیں اور جمہوریت کا یہ نظام پیپلزپارٹی نے ہی دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بنیادی جمہوری حقوق پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی دیے ہیں۔ فتح اہم ہوتی ہے لیکن اصول اس سے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ دوست دشمن آج اس بات پر متفق ہیں کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں اور یہ ہماری نظریاتی فتح ہے کہ ووٹ کی طاقت عظیم ہے۔

سالگرہ کی تقریب میں پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مراد علی شاہ، سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، وقار مہدی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔


متعلقہ خبریں