امیدواروں کے انتخاب میں ایم ایم اے کو مشکلات کا سامنا


اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس چھ گھنٹے جاری رہنے کے باوجود خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب کے مختلف قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواروں کا حتمی انتخاب نہ کر سکا۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کے اجلاس میں کے پی اور پنجاب کے باقی رہ جانے والے حلقوں پر امیدواروں کو حتمی شکل دی جانی تھی لیکن خصوصاً کے پی میں امیدوار فائنل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 25  حلقے ایسے ہیں جن پر اتفاق رائے میں مشکلات کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا کی چھ  قومی اور 15 سے زائد صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی کے درمیان اختلافات ہیں، جے یو آئی (ف) کی طرف سے تمام حلقوں پر اپنے کاغذات حاصل کرنے  پر جماعت اسلامی نالاں ہے۔

امکان ہے اجلاس جمعہ کے روز بھی ہوسکتا ہے، پارلیمانی بورڈ اجلاس میں معاملہ نہ سلجھ سکا تو یہ ایم ایم اے سپریم  کونسل کے پاس جائے گا۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی جبکہ اکرم درانی، عارف واحدی سمیت دیگر رہنما بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔


متعلقہ خبریں