سپریم کورٹ: پانی کی کمی اور شادی ہال کیس سماعت کے لیے مقرر


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پانی کی کمی اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ سمیت مختلف معاملات پر ازخود نوٹسز سماعت کے لیے مقرر کر دیے ہیں، ازخود نوٹسز کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

سپریم کورٹ کی ہفتہ وار کاز لسٹ کے مطابق پانی کی کمی کے کیس میں عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، وزارت داخلہ، وزارت کیڈ، ایم ڈی واسا، چیئرمین سی ڈی اے اور سابق ایم این اے ملک ابرار کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

سپریم کورٹ نے جڑواں شہروں میں غیرقانونی شادی ہالز، پی آئی اے کی املاک کی فروخت اور پمزاسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ پر بھی ازخود نوٹسز سماعت کے لیے مقرر کردیے ہیں جن کی سماعت منگل کو ہوگی، پی آئی اے حکام، اٹارنی جنرل  اور دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح بنی گالا تجاوزات کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بدھ کو کرے گا۔


متعلقہ خبریں