ایاز صادق کے تین بینک اکاؤنٹس میں صرف ڈھائی لاکھ روپے


لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے تین بینک اکاؤنٹس میں صرف ڈھائی لاکھ روپے نکلے۔

یہ انکشاف ان گوشواروں سے ہوا ہے جو سردار ایاز صادق نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں، گوشواروں کے مطابق ایاز صادق کے اثاثوں کی کل مالیت چار کروڑ 47 لاکھ  95 ہزار 914  روپے ہے جبکہ گزشتہ مالی سال تک ان اثاثوں کی مالیت چار کروڑ 23 لاکھ  39 ہزار 280 روپے تھی۔

انہوں نے 2014 سے 2017 تک اپنی آمدن 63 لاکھ 99 ہزار 370 روپے ظاہر کی جو قومی اسمبلی کی تنخواہوں اور جائیداد کے کرایہ سے حاصل ہوئی، ایاز صادق کی ملکیت میں تین گھر بھی ہیں جن کی مالیت تین کروڑ 66 لاکھ  99 ہزار 682 روپے ہے جبکہ اُن کے تین بینک اکاؤنٹس میں صرف دو لاکھ 57  ہزار 23 روپے ہیں۔

ایاز صادق نے بتایا ہے کہ اُن کی اہلیہ کے نام پر دو گھر ہیں جن کی مالیت دو کروڑ 68 لاکھ 12 ہزار170 روپے ہے جبکہ جڑانوالہ میں اُن کے نام  پر 47 ایکڑ وراثتی  جائیداد کے علاوہ دس کنال زمین فتح جنگ اٹک میں بھی موجود ہے۔

ایاز صادق اور اُن کی اہلیہ کے نام حصص کی مالیت 57 لاکھ  95  ہزار 361 روپے ہے جبکہ ایاز صادق کی اہلیہ کے چار بینک اکاؤنٹس میں رقم کی مالیت 21 کروڑ 98 لاکھ 761 روپے ہے، ایاز صادق کی اہلیہ کے نام  فرنیچر کی مالیت 80 ہزار جبکہ اُن کے پاس موجود 40 تولہ متفرق زیورات کی مالیت 80 ہزار روپے ہے۔

ایاز صادق کی اہلیہ نے عدنان علی نامی شخص کو ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کا قرض بھی دے رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں