’پیپلزپارٹی فریال لیگ بن چکی ہے‘

’پیپلزپارٹی فریال لیگ بن چکی ہے‘ | humnes.pk

گھوٹکی: مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ اور تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر آن بڑھتے تنازع کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی میں بھی اختلافات کی دراڑیں نمودار ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے این اے 205 پر ٹکٹ یافتہ سابق وزیر اعلیٰ سردارعلی محمد مہر نے اپنی ناراضگی کا عملی اظہار کرتے ہوئے پہلے آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور پھر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

اپنے وابستگی کی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اب فریال لیگ بن چکی ہے جو پارٹی عوام کی خدمت نا کر سکے وہ اس میں نہیں رہ سکتے۔

سردار علی محمد مہر کا کہنا ہے کہ اگر قاعدے کے مطابق سردار علی گوہر مہر کے خدشات ختم کیے جاتے تو ہم پیپلز پارٹی کو سیٹ گفٹ کرتے لیکن وہ پیپلز پارٹی قیادت کے وعدوں پر خاندان کے سربراہ کو نہیں چھوڑ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 1995 کے انتخابات سے ناقابل شکست رہے ہیں اور اس سال بھی الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

سردار علی محمد مہر نے سردار علی گوھر مہر سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی چھوڑ کر جی ڈے اے میں شمولیت کا اعلان کیا۔

چند روز قبل سید خورشید شاہ اور نثار کھوڑو نے مہر ہاؤس خان گڑھ میں سردارعلی محمد خان مہر سے ملاقات کے دوران انہیں راضی کرنے کی کوشش کی تھی تاہم حالیہ پیشرفت سے واضح ہے کہ وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں