الیکشن 2018 کے لیے پشاور کا ارب پتی جوڑا میدان میں

الیکشن 2018 کے لیے پشاور کا ارب پتی جوڑا میدان میں | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: آئندہ عام انتخابات سے قبل پشاور کا ارب پتی جوڑا اپنے اثاثوں کے ہمراہ منظرعام پر آگیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ظاہر کی گئی تفصیل کے مطابق دونوں سات ارب سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر تین ارب ڈیڑھ کروڑ کے مالک ہیں جس میں ایک ارب 33 کروڑ کی زمین جب کہ ایک ارب 44 کروڑ روپے مالیت کے کمرشل پلازے شامل ہیں۔

ارباب عالمگیر کی  اہلیہ عاصمہ عالمگیر اپنے شوہر سے بھی ذیادہ امیر ہیں، ان  کے اثاثوں کی مالیت چار ارب سے زائد ہے، جس میں تین سو تولے سونا، قیمتی ہیرے، بیش قیمت گاڑیاں اور مختلف شہروں میں گھر اور پلاٹس  شامل ہیں۔

الیکشن 2018 کے لیے خیبرپختونخوا سے سامنے آنے والے سیاستدانوں میں دونوں میاں بیوی سب سے زیادہ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ارباب عالمگیر حلقہ این اے 30 اورعاصمہ عالمگیر حلقہ این اے 27 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

تہکال بالا پشاور کے ارباب خاندان سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ ارباب عالمگیر اور 52 سالہ عاصمہ ارباب عالمگیر اس سے قبل بھی رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ برس مئی میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ کے اڑھائی ارب روپے سے زائد کےا ثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اس موقع پر نیب نے معاملے کی چھان بین کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ارب پتی جوڑے کے صاحبزادے ارباب زرک خان خلیل بھی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 74 کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں۔


متعلقہ خبریں