انتخابات2018: سیاسی رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ

انتخابات2018: پنجاب میں سیاسی رہنماؤں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید، احمد وقاص ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سول اور عسکری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن عسکری کے مطابق انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کے لیے سیکیورٹی پلان وضع کر لیا گیا ہے سیاسی رہنماؤں کو نقل و حرکت کے دوران باکس سیکیورٹی مہیا کی جائے گی اور جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کو بھی مرتب کردہ پلان کے تحت سیکیورٹی دی جائے گی۔

پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے مطابق حساس پولنگ اسٹیشنز پر امن عامہ کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی ہوگی۔

انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فنکشنل ہونے چاہئیں کیمروں کے غیرفعال ہونے کی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جلسے اور جلوسوں میں شرکت کے لیے آنے والوں کی واک تھرو گیٹ کے ذریعے چیکنگ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن نگراں حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے، فری اینڈ فیئر الیکشن ہمارا فوکس ہے، سب کے لیے مساوی مواقع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متوقع واقعات کے پیشگی تدارک کے لیے اقدامات کرکے اپنی پلاننگ بہتر کرسکتی ہے۔ کیے گئے انتظامات اور عملی اقدامات کے درمیان تفاوت نہیں ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے ہدایت کی کہ انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات میں کی جائے اور پولنگ اسٹاف کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ پولنگ اسٹیشن سے ریٹرننگ افسر تک نتائج اور بیلٹ باکسز کی ترسیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پبلک مقامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں گے سیاسی جماعتیں انتخابی محاذ آرائی، ناشائستہ بیانات اور تصادم سے گریز کرتے ہوئے ماحول کو پرامن رکھنے میں کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے پر امن انعقاد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر محکموں کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔ متعلقہ محکمے اور ادارے بہتر کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ سول اور عسکری اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جنرل الیکشن کے دوران مون سون اور ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ وقت کم اور چیلنج بڑا ہے لیکن عزم مضبوط ہو تو اس چیلنج سے کامیابی سے نمٹا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں