پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی ہوئی ہے، ولید اقبال


لاہور: تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی میں انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم میں نا انصافی ہوئی ہے جس کی سب نے تصدیق کی ہے۔

تحریک انصاف کے ناراض رہنما ولید اقبال نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر ناانصافی کے حوالے سے صرف لاہور ہی خاموش تھا تاہم کارکنوں کے بے حد اصرار کی وجہ سے مزید خاموش نہیں رہ سکتے، جہانگیرترین نے بھی خواتین کو ٹکٹوں کی تقسیم پر ناانصافی کی تصدیق کی ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ اُن کے علم میں لائے بغیر فہرست بنائی گئی ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اپیل کی کہ وہ فیصلوں میں عجلت نہ کریں کیونکہ لاہور بہت حساس جگہ ہے، پارلیمانی بورڈ کے کچھ فیصلے عجلت میں ہوئے ہیں کیونکہ ٹکٹیں حاصل کرنے والوں میں چند ایسے نام بھی شامل ہیں جن کی شکل کبھی کسی نے دیکھی ہی نہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان آخری دن تک فہرستوں کی چھان بین کریں اور حقیقی کارکنوں کو موقع دیں، لاہور کے کارکنوں میں بہت تشویش پائی جا رہی ہے اور انہوں نے اپنے اپنے طریقے سے شکایات بھی درج کرائی ہیں۔

ولید اقبال نے کہا کہ میں نے پانچ حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں جنہیں میں کل ہی واپس لے سکتا ہوں، مجھے انتخاب لڑنے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، اگر مجھ سے انتقام لیا جارہا ہے تو پھر اسے میری ذات تک محدود رکھا جائے، کارکنوں کا قصور صرف  یہ ہے کہ وہ میرے ساتھ کھڑے ہیں۔


متعلقہ خبریں