عام انتخابات کے لیے نون لیگ نے پنجاب سے امیدواروں کا اعلان کر دیا


لاہور: مسلم لیگ نون نے قومی اسمبلی کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ نون کے اعلامیہ کے مطابق سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف این اے 73 سیالکوٹ، سابق وزیردفاع خرم دستگیراین اے 81 گوجرانوالہ، عابد شیرعلی این اے 108 فیصل آباد سے، رانا ثنااللہ این اے 106 فیصل آباد، این اے 131 لاہور سے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، این اے 124 سے حمزہ شہباز، این اے 127 سے مریم نواز، این اے 57 سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور این اے 78 نارووال سے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال انتخابات میں حصہ لیں گے۔

اسی طرح این اے 123 سے ملک ریاض، این اے 125 سے ملک پرویز اور این اے 126 سے مہر اشتیاق مسلم لیگ نون کی طرف سے امیدوار ہوں گے، اسی طرح این اے 128 سے روحیل اصغر، این اے 129 سے شوکت بٹ، این اے 130 سے خواجہ احسان، این اے 132 سے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور این اے 133 سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی ٹکٹ دیے گئے ہیں اور وہ نون لیگ کی طرف سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

چوہدری نثار کے مقابلے پر مسلم لیگ نون نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا، حلقہ این اے 59 اور این اے 63 سے کسی کو ٹکٹ نہیں دی گئی، اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 10 اورپی پی 12 سے بھی چوہدری نثار کے مقابلے پر نون لیگ نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا، شیخ رشید کے مقابلے میں این اے 60 سے حنیف عباسی اور این اے 62 سے دانیال چوہدری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 191 سے اویس خان لغاری جب کہ این اے 192 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف انتخاب میں حصہ لیں گے۔

مسلم لیگ نون پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں میں سے 107 پر امیدواروں کا فیصلہ نہیں کرسکی، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور لاہور ریجن کے بیشتر حلقوں پر امیدواروں کا فیصلہ نہیں ہو سکا، اسی طرح جنوبی پنجاب میں رحیم یارخان، وہاڑی، لودھراں اور لیہ کی نشستوں پر بھی امیدواروں کا اعلان نہیں ہوا جبکہ ملتان کی پانچ صوبائی نشستوں پر امیدوار فائنل نہیں ہوسکے۔


متعلقہ خبریں