شاہ محمود اور جہانگیر ترین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے دو مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور جہانگیرترین کے درمیان سرد جنگ شدت اختیار کر گئی ہے جس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دونوں رہنماؤں کے درمیان صلح کرانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیرترین اور شاہ محمود قریشی باہمی اختلافات کے باعث ایک دوسرے کے مخالف کھڑے ہو گئے ہیں اور پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے ان اختلافات کو سنجیدہ لیتے ہوئے انہیں ختم کرانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے اس حساس معاملے پر مشاورت بھی شروع کر دی ہے، وہ پہلے مرحلے میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیرترین کے درمیان جاری لفظی جنگ کو ختم کرائیں گے اور دوسرے مرحلے میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی معاونت سے دونوں میں صلح کرائیں گے۔

گزشتہ کئی ماہ سے اختلافات کی خبریں زیرگردش ہیں جو اب شدت اختیار کر گئی ہیں، پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے جمعہ کے روز بھی ایک دوسرے کے خلاف بیان دیے گئے تھے، شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں