سندھ فوڈ اتھارٹی کا آپریشن، غیرمعیاری فیکٹریاں سربمہر


کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) نے شہر بھر میں غیر معیاری اشیا بنانے والی فیکٹریز کے خلاف کارروائی کی اور معروف برانڈز کے کیچپ، مایونیز، مسالہ جات اور ٹافیاں بنانے والی فیکٹریز پر چھاپہ مارا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایس ایف اے کی ٹیم نے معروف برانڈ کی فیکٹریز پر باقاعدہ ریکی کے بعد چھاپہ مارا جبکہ یہ آپریشن تین گھنٹے جاری رہا۔

ایس ایف اے حکام نے بتایا کہ کارروائی میں سائٹ اے تھانے کی پولیس نفری نے بھی حصہ لیا، انہوں نے بتایا کہ سائٹ اے میں جن فیکٹریوں پر چھاپہ مارا گیا ان کے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) لائسنسوں کی تجدید نہیں کرائی گئی تھی جبکہ ان کے ملازمین کے ڈریس کوڈ بھی درست نہیں تھے، کارروائی کے دوران مذکورہ فیکٹریز کا معیارغیر تسلی بخش قرار دے دیا گیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز ابرار شیخ  نے کہا ہے کہ تینوں فیکٹریاں سربمہر کردی گئیں ہیں اور ایس ایف اے کے آپریشن ونگ نے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے اجزا کے نمونے حاصل کرلیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیکٹریوں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اجزا ٹیسٹ کے نتائج منفی ہوئے تو فیکٹریاں مستقل بنیادوں پر سیل کردی جائیں گی، کسی کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اسی لیے ایسی حکمت عملی کر رہے ہیں کہ گنجان آباد علاقوں میں چوری چھپے خوراک کے نام پر زہر نہ تیار ہوسکے۔


متعلقہ خبریں