جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے وہ ووٹ مانگ رہے ہیں، سراج الحق


اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ ووٹ مانگنے آرہے ہیں۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرتمند قیادت کی کمی ہے، ہمیں عام انتخابات میں کامیابی ملی تو سب سے پہلے امریکہ کی قید سے ملک کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو رہائی دلائیں گے جسے انتہائی دردناک صعوبتیں سہنے کے باوجود پاکستان سے امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ قیادت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے جس نے ہی پاکستان کو دنیا کے سامنے ناکام ریاست کے طور پر پیش کیا ہے، ہمیں موقع ملا تو ہم پاکستان کو بہتر ملک بنائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا تھا اور انہوں نے ہی ملک کے تمام اداروں کو کھوکھلا کردیا ہے، ان کے پاس ملک لوٹنے کے علاوہ کوئی دوسری خصوصیت نہیں ہے، متحدہ مجلس عمل کی حکومت بنی تو ملک سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو غربت اور مہنگائی کا تحفہ دیا ہے، ہم اقتدار میں آنے کے بعد اس کرپٹ مافیا سے پائی پائی کا حساب لیں گے۔


متعلقہ خبریں