دریاؤں میں پانی کی واضح، ارسا نے رپورٹ جاری کردی


اسلام آباد: شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں واضح کمی آئی ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کے مطابق دریاؤں میں پانی کی آمد میں ایک لاکھ 22 ہزار دو سو کیوسک کی کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانی کی آمد تین لاکھ 78 ہزار چار سو فٹ سے کم ہو کر دو لاکھ 56 ہزار دو سو فٹ ہو گئی ہے جبکہ ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ کم ہوکر ایک اشاریہ 884 ملین ایکڑ فٹ رہ گیا ہے۔

ارسا کی جانب سے ڈیموں اور دریاؤں میں پانی کی کمی سے صوبوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ ارسا نے منگلا ڈیم سے صوبہ پنجاب کو پانی کی فراہمی بڑھا دی ہے۔

ارسا ترجمان کے مطابق منگلا ڈیم سے پانی کی فراہمی 25 ہزارکیوسک سے بڑھا کر 40 ہزارکیوسک کر دی گئی ہے، پنجاب کو پانی کی فراہمی بڑھنے سے دریائے چناب میں پانی کی کمی کو دور کیا جاسکے گا جبکہ دیگر صوبوں کے حصے کے پانی میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی۔

ارسا کے مطابق اگر 48 گھنٹوں تک پانی کی صورتحال یہی رہی توصوبوں کو پانی کی فراہمی کم کر دی جائے گی۔ اس وقت پنجاب کو ایک لاکھ 31 ہزار کیوسک جبکہ سندھ کو ایک لاکھ  65 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے، بلوچستان کو 14 ہزار کیوسک اور خیبرپختونخوا کو تین ہزار 300 کیوسک پانی فراہمی جاری ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کے مطابق پری مون سون کی بارشیں اچھی ہونے سے پانی کی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے، گزشتہ سال پانی کا ذخیرہ 5.3 ملین ایکڑ فٹ تھا اوردریاوَں میں پانی کی آمد تین لاکھ 45 ہزار کیوسک تھی۔


متعلقہ خبریں