پہلے قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ کیمپ کے لیے 32 کھلاڑی طلب


لاہور: بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پہلی قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ  ٹیم  کے تربیتی کیمپ کے لیے 32 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمپ کا پہلا مرحلہ 30 جون سے پانچ جولائی تک ایبٹ آباد میں ہو گا جبکہ دوسرے مرحلے میں کیمپ ستمبر میں لاہور میں لگایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے لیے صبا شوکت، ماریہ ارشد، انعم ذاکر، کرن رفیق، ماریہ ذاکر، صبا گل، رابعہ شہزادی، طیبہ ظفر، اقصیٰ عارف اور رابعہ جاوید ہاشمی سمیت مجموعی طور پر 32  کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے، ان میں سے 12 کا تعلق لاہور،  چھ  کا کراچی،  چار کا فیصل آباد، دو کا  راولپنڈی، تین تین کا گوجرانوالہ اور اٹک اور ایک خاتون کھلاڑی کا تعلق بہاولپور سے ہے۔

ترجمان کے مطابق خواتین بلائنڈ کرکٹ  ٹیم دسمبر میں نیپال کے خلاف پانچ  میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گی جو لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نفیس احمد کیمپ کی نگرانی کریں گے۔


متعلقہ خبریں