پاک افغان سرحد پر فائرنگ، باڑ لگانے میں مصروف جوان شہید


راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے وطن کا ایک اور محافظ شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے پاک فوج کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے باڑ لگائی جا رہی تھی، فائرنگ سے 29 سالہ اہلکار نیاز علی شہید ہو گیا جو خیبرپختونخوا کے علاقے مردان کا رہائشی تھا۔

پاک افغان سرحد پر 255 کلومیٹر تک باڑ لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ دو ہزار 611 کلو میٹر طویل سرحد پر باڑ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود باڑ لگانے کا کام مکمل کریں گے جبکہ مشترکہ مفاد کے لیے افغانستان کا تعاون ضروری ہے۔

رواں سال 16 اپریل کو لوئر کرم ایجنسی کے علاقے لاقہ تیگا میں پاک افغان سرحد پر افغان دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔

پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل رواں سال شروع کیا گیا تھا، باڑ لگانے کا فیصلہ سرحد پار سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کو روکنے اور بڑھتے ہوئے حملوں کے تدارک کے لیے کیا گیا۔


متعلقہ خبریں