پی ٹی آئی کو دیکھ رہا ہوں نہ ن لیگ کو، چوہدری نثار


راولپنڈی: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان  نے کہا ہے کہ کوئی ٹکٹ کے ساتھ آئے یا اس کے بغیرعوام سب کو نامراد کر کے بھیجیں گے۔

انہوں نے دھمیال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں پاکستان میں سچی بات کرنا مشکل اور جھوٹی بات کرنا آسان ہے، میرے جلسے میں لوگ لائے نہیں جاتے خود آ جاتے ہیں، کل چک بیلی میں علاقے کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا جس کے بعد سب کو اندازہ ہو جانا چاہیے کہ الیکشن سے پہلے ہی پی پی دس کے عوام نے فیصلہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نثار نے ساری زندگی ڈیل نہیں کی اور اب بھی وہ نہ پی ٹی آئی کو دیکھ رہے ہیں نہ ن لیگ کی طرف، انہوں نے یہ بھی کہا کہ چند دن میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کی وضاحت دوں گا اور عوام کے سامنے سچ رکھوں گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ انہوں نے سیاست عزت کے لیے کی ہے اس لیے کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی اور نہ کوئی ایسا کام کیا جس سے عوام شرمندہ ہوئے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا کہ بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی اور نوازشریف اور سب کے سامنے بھی کہا کہ بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔


متعلقہ خبریں