فیفا 2018 کے پہلے دس روز : ٹیموں کی کارکردگی پر ایک نظر

فیفا 2018 کے پہلے دس روز: ٹیموں کی کارکردگی پر ایک نظر | urduhumnews.wpengine.com

ماسکو: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پہلے دس روز میں فٹبال ٹیموں نے کیا کارکردگی دکھائی ؟  آئیں! اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

14 جون کو گروپ اے کے میچ سے فیفا کا آغاز ہوا تو روس نے ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیت لیا۔ دس روز گزرنے کے بعد گروپ اے کا کھاتا مکمل ہوگیا ہے۔ روس اور یوراگوئے چھ چھ پوانٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔

گروپ بی میں اسپین اور پرتگال کے چار چار پوائنٹس ہیں جبکہ ایران کے تین پوائنٹس ہیں۔ تینوں ٹیموں کا ایک ایک میچ ابھی باقی ہے اس لیے اسپین، پرتگال اور ایران میں سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔

گروپ سی میں فرانس کو چھ پوائنٹس کے ساتھ واضح برتری حاصل ہے تاہم چار پوائنٹس ہونے کے باوجود ڈنمارک کو صرف ایک پوائنٹ والے آسٹریلیا سے اب بھی خطرہ ہے۔ دونوں ٹیموں کا فرانس  اور پیرو سے اگلا مقابلہ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔

گروپ سی کی طرح گروپ ڈی میں کروشیا نے چھ پوائنٹس بنا کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ لیے ہیں تاہم تین پوائنٹس والے نائجیریا اور ایک ایک پوائنٹ والے آئس لینڈ و ارجنٹائن کے درمیان کھنیچا تانی جاری ہے۔ میسی الیون کو آگے کوالیفائی کرنے کے لیے سخت دعاؤں کی ضرورت ہے۔

فیفا کے آغاز سے ہی گروپ ای کی تمام ٹیموں نے اچھی پرفارمنس دکھائی۔ گروپ میں برازیل اور سویزرلینڈ کے چار جب کہ سربیا کے تین پوائنٹس ہیں۔ تینوں ٹیموں کا ایک ایک میچ باقی ہے اس لیے گروپ ای ابھی اوپن ہے۔

رواں ورلڈ کپ کا سب سے دلچسپ گروپ ایف ہے جہاں چھ پوائنٹس اسکور کرنے کے باوجود میکسیکو کا اگلے مرحلے میں پہنچنا مشکل نظر آرہا ہے۔ اسی گروپ میں جرمنی اور سویڈن کے تین تین پوائنٹس ہیں اور تینوں ٹیموں کے مستقبل کا فیصلہ گول ایوریج پر بھی جاسکتا ہے۔

گروپ جی میں انگلینڈ اور بیلجیئم نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس گروپ سے تیونس اور پاناما کی ٹیمیں گھر کی راہ لے چکی ہیں۔ گروپ جی میں انگلینڈ اور بیلجئیم کے چھ پوائنٹس ہیں۔ تیونس اور پاناما کے صفر پوائنٹس ہیں۔

گروپ ایچ بھی ابھی تک اوپن ہے جس میں جاپان اور سینیگال کے چار چار جب کہ کولمبیا کے تین پوائنٹس ہیں۔ تینوں ٹیموں کا ایک ایک میچ ابھی باقی ہے اس لیے جاپان، سینیگال اور کولمبیا میں سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں کچھ ٹیمیں ایک بھی میچ نہیں جیت سکیں۔ ان میں مصر اور سعودی عرب (گروپ اے)، مراکش (گروپ بی)، پیرو (گروپ سی)، کوسٹاریکا (گروپ ای)، جنوبی کوریا (گروپ ایف)، تیونس اور پاناما (گروپ جی) اور پولینڈ (گروپ ایچ) شامل ہیں۔

فٹبال ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ گول (پانچ) انگلینڈ کے ہیری کین نے کیے۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور بیلجئیم کے رومیلو لوکاکو چار گولز کے ساتھ بتدریج دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔


متعلقہ خبریں