انتخابات میں فوج کا کردار اہم ہو گا، نگراں وزیراعظم، آرمی چیف ملاقات


اسلام آباد:  نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے انتخابات  کو شفاف بنانے میں فوج کے کردار کو بے حد اہم قرار دیا ہے جبکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ  فوج انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف اور نگراں وزیراعظم کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات کے لیے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ انتخابات کی شفافیت اور سیکیورٹی کے لیے تمام  پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے گی۔

الیکشن ڈیوٹی کے لیے پاک فوج کی تربیت کا شیڈول بھی جاری ہو چکا ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن کے 28 ٹرینرز پاک فوج کے 1400  ٹرینرز کو تربیت دیں گے، تربیت حاصل کرنے والے ٹرینرز بعد ازاں  دو لاکھ سے زیادہ آرمی جوانوں کو تربیت دیں گے۔


متعلقہ خبریں