قمرالاسلام کی گرفتاری پری پول دھاندلی ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے انتخابی امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل یہ گرفتاری الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہو گی۔

انتخابات سے ایک ماہ قبل قمرالاسلام کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں پورے پاکستان میں سب سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے نمائندے کی گرفتاری بہت بڑی ناانصافی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران قمر الاسلام کی گرفتاری ان کی سیاسی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے اور ن لیگ اس معاملے کو الیکشن کمشن میں لے کر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے انتخابی امیدوار کے خلاف یہ اقدام پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے اور ایسا اقدام شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی روح کے سراسر منافی ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے بتایا کہ انجنئیر قمرالاسلام گیارہ جون تک کلئیر تھے اورنیب حکام نے قمرالاسلام کو کسی بھی کیس میں ملوث نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کے اعلامیہ کے مطابق ملزم انجینئر قمر الاسلام پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق واٹر پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے جن میں حاصل پور، منچن آباد، خان پور اور لودھراں شامل ہیں۔

ملزم انجینئر قمرالسلام راجہ نے مبینہ طور پر بدنیتی کے ذریعے نیلامی کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا اور ایس بی پمپس نامی کمپنی کو 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا مہنگے داموں ٹھیکہ دیا۔ ملزم پر ٹھیکے کے کاغذات میں تبدیلیاں کرنے کے بھی الزامات ہیں۔ 


متعلقہ خبریں