عام انتخابات: فوج تعیناتی کی سمری وزارت دفاع کو ارسال


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نےعام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جس کی سمری وزارت دفاع  کو ارسال کر دی گئی ہے، سمری میں پاک فوج کےجوانوں کی تعداد کا  تعین نہیں کیا گیا۔

سمری کے مطابق الیکشن کمیشن نے پاک فوج کو آئین کے آرٹیکل 220 اور آرٹیکل 245 کے تحت انتخابات کے دوران ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے،  فیصلے کے مطابق فوجی جوانوں کو  پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست کی ہے کہ پرامن انتخابات کے لیے پاک فوج کی مناسب تعداد تعینات کی جائے اور پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے دستے 23 جولائی سے 26 جولائی تک  تعینات کیے جائیں گے جبکہ تمام پرننٹنگ پریسز پر بیلٹ پیپرز کی طباعت بھی پاک فوج  کی نگرانی میں کرائی جائے گی،  پرنٹنگ پریسز پر بدھ 27  جون  سے 25 جولائی تک فوج تعینات رہے گی۔

پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوران پاک فوج  کے جوان پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیے جائیں گے جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوجی جوانوں کی اضافی نفری موجود ہو گی۔

اس سے قبل خبر تھی کہ الیکشن کمیشن  نے وزارت دفاع کو خط  لکھ کر عام انتخابات کے لیے ساڑھے تین لاکھ  فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔

 


متعلقہ خبریں