قمر الاسلام کے بیٹے کا والد کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے مسلم لیگ نون کے امیدوار برائے قومی اسمبلی قمر الاسلام  کے بیٹے نے والد کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی اور چوہدری نثار علی خان کے مد مقابل مسلم لیگ نون کے امیدوار انجینئر قمرالاسلام  کے بیٹے سالار قمر بدھ  کو الیکشن کمیشن میں والد کا ٹکٹ جمع کرائیں گے۔

سالار قمر نے  کہا کہ حلقے کے عوام بدھ  کی صبح دس بجے راولپندی کچہری پہنچیں، ہم انتخابات  بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔

نیب نے مسلم لیگ نون کے امیدوار انجینئر قمرالاسلام راجہ کو پیر کے  روز صاف پانی کمپنی  کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم انجینئر قمر الاسلام راجہ  پر 84  واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ مہنگے داموں دینے کا الزام ہے، ان واٹرپلانٹس میں 56 ریورس آسموسز پلانٹس اور 28 الٹرا فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں، یہ پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے نیلامی کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا، 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ ایس بی پمپس نامی کمپنی کو مہنگے داموں دیا اور یہ ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظور بھی کرایا۔


متعلقہ خبریں