34 سال وفاداری کے باوجود دھوکہ ملا، چوہدری نثار

فائل: فوٹو


ٹیکسلا: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ میں نے زندگی کے 34 سال ایک ایسے شخص کے ساتھ وفاداری کی جس نے وقت آنے  پر مجھے دھوکا دیا۔

این اے 63 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے صرف اس شخص کی شکل دیکھ کر ساتھ دیا، ایسی وفاداری سگا بھائی بھی نہیں دکھا سکتا لیکن اس نے میری وفاداری کی قدر نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقی کرانا زبان درازی کا نہیں دل گردے کا کام  ہے، بات کرنی سب کو آتی ہے لیکن خدمت کرنے کی سعادت اللہ نے مجھے بخشی ہے، میں نے گھر گھر سوئی گیس پہنچائی، اس علاقے میں اسکول بنائے، الیکشن ہارنے کے باوجود اربوں کا اسپتال واہ کینٹ میں تعمیر کرایا۔

چوہدری نثار نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  میں 1981 میں ٹیکسلا میں نیا تھا، قاری سعید الرحمان ، مولانا عبداللہ اور مولانا سعیدی نے مجھے اس علاقے سے متعارف کرایا، یہاں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں میری کارکردگی کا نشان نہ ہو اور کوئی جگہ ایسی نہیں جہاں مخالفین کی کارکردگی کا ایک بھی نشان ہو۔

چوہدری نثار کے جلسہ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور تین تھانوں کی نفری تعینات کی گئی۔

این اے 63 میں چوہدری نثار کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سرور خان ہیں۔


متعلقہ خبریں