ایم کیو ایم لیبر ڈویژن 28 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کرے گی


کراچی: ایم کیو ایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج کاشف انجینئر نے الزام عائد کیا ہے کہ بہادرآباد والے ایم کیوایم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اورکارکنان جلد بہادر آباد والوں سے حساب لیں گے۔

ہم نیوز سے بات چیت میں انہوں نے آٹھ افراد کے ٹولے سے تنگ آنے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شاہد پاشا اورہمارا مؤقف ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرفاروق ستار کوسربراہ بنائیں، ہم کارکن کی حیثیت سے کام کرنے کو تیار ہیں۔

ایم کیوایم بہادرآباد کے سینئر رہنما عامر خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کاشف انجینئرنے دعویٰ کیا کہ وہ کرپشن کررہے ہیں اورٹکٹ بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادرآباد والے ان کو ٹکٹ دے رہے ہیں جن کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایم کیوایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج نے کہا کہ الیکشن میں ٹکٹ ایم کیو ایم  پاکستان کے کارکنان اورشہدا کے اہل خانہ کو دینا چاہیے تھا۔ انٹرا پارٹی الیکشن کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔

کاشف انجینئرنے سوال کیا کہ وسیم اختر سے نو ارب روپے کا حساب لینے والا کوئی نہیں ہے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہدا کے اہل خانہ کو تین ہزار روپے دینے کے لیے چکرلگوائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان دو دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  فیصل سبزواری ایک کروڑ کی گاڑی لے سکتے ہیں،کارکنان کا نہیں سوچ سکتے۔

ایم کیوایم پاکستان لیبرڈویژن کے انچارج کاشف انجینئر نے کہا کہ پانچ فروری کو جو فیصلہ ہوا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

ایم کیوایم پاکستان پی آئی بی نے ڈپٹی کنوینئرشاہد پاشا کی تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پارٹی رکنیت خارج کردی تھی۔ ڈاکٹرفاروق ستار نے انہیں ’شرارتی‘ بھی قراردیا تھا۔

تنظیمی فیصلہ سامنے آنے کے بعد شاہد پاشا اوردیگر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پہنچ گئے تھے جہاں وہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی پر برس پڑے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ رابطہ کمیٹی نے بغیر شوکاز کے انہیں معطل کیا۔

شاہد پاشا نے خبردارکیا تھاکہ اب رابطہ کمیٹی کی پولیں بھی کھولی جائیں گی اورکسی بھی نقصان کا ذمہ دار رابطہ کمیٹی میں بیٹھا آٹھ افراد کا ٹولہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں