ٹی 20 سیریز کا مشکل حریف کون ؟ کپتان سرفراز احمد نے بتادیا


لاہور: قوم کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا کو مشکل حریف قرار دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی 20 میں کوئی بھی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً آسٹریلیا جیسی ٹیم کیونکہ اس کے کھلاڑیوں کو معلوم ہوتا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ کیسے کھیلنی ہے؟

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے واضح کیا کہ اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کے کھلاڑی نئے ہیں یا پرانے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹیم کے متعلق بتایا کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز جیتیں۔

کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے حوالے سے انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دو دن یہاں موقع ملا، تین دن زمبابوے میں پریکٹس کریں گے جس کےبعد  بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

جولائی میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی تین ملکی ٹی 20 انٹرنیشل سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیم 28 جون کو ہرارے روانہ ہوگی۔ سہ فریقی ٹی 20 ٹورنامنٹ یکم سے آٹھ جولائی تک کھیلا جائے گا۔

ہرارے میں ٹی 20 سیریزکے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس میں صرف پاکستان اور زمبابوے آمنے سامنے ہوں گے۔

د ورہ زمبابوے کے لیے منتخب قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں