انتخابات میں دھاندلی کے نتائج ہولناک ہوں گے، نواز شریف


لندن: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خبردار کیا ہے کہ  اگرآئندہ عام انتخابات میں دھاندلی نہ روکی گئی تو اس کے نتائج ہولناک ہوں گے۔

لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف  نے کہا کہ ایک  جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ  اور ہمارے کچھ  اور آتے ہیں، انہوں نے الزام  لگایا کہ انتخابات میں  دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے لیکن 25 جولائی کو جو ہو گا وہ  نوشتہ دیوار ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ اس وقت نشانہ صرف نون لیگ  اور نون لیگی  امیدوار اور کارکن ہیں، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ریکارڈ اٹھا کر دیکھ  لیں، میں اور میرے ساتھی نشانہ ہیں۔

انہوں نے سابق  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کو نااہل قرار دیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ نون کے امیدوار انجنیئر قمرالاسلام کی گرفتاری کو قبل از انتخابات دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو انجنیئر قمرالاسلام کے بچوں کا بھرپور ساتھ دینے کی ہدایت کی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  نیب نے کچھ  دن پہلے قمرالاسلام  کو تمام معاملات سے کلیئر کر دیا تھا لیکن انہیں جونہی نون لیگ کا ٹکٹ ملا اس کے اگلے روز انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے اسی طرح کا کھیل کھیلا جا رہا ہے لیکن اب ایسا کرنے والے لوگ پاکستان  پر رحم کریں اور یہ کھیل کھیلنا بند کر دیں۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج بیگم  کلثوم نواز کی عیادت کے لیے 15 جون کو لندن آئے تھے، پروگرام کے مطابق انہیں چار روز لندن میں قیام کرنا تھا لیکن ان کی آمد سے پہلے ہی بیگم  کلثوم نواز کو تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کیا گیا تھا اور وہ گزشتہ تیرہ روز سے بے ہوش اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔

پاکستان میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف احتساب عدالت میں تین ریفرنسز زیر سماعت ہیں جہاں سے دو بار ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں تاہم ابھی تک سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے بارے میں حتمی طور پر کچھ  نہیں بتایا گیا۔

گزشتہ دنوں نواز شریف اور مریم نواز نے میڈیا سے اپنی الگ الگ گفتگو میں بتایا تھا کہ وہ بیگم کلثوم کی طبیعت بہتر ہوتے ہی پاکستان واپس چلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں