فاروق ستار ناراض ووٹروں کے ہتھے چڑھ گئے


کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے اپنے حلقے  کھارادر سے انتخابی مہم  کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فاروق ستار اپنے دورے کے دوران ناراض ووٹروں کے ہتھے چڑھ گئے اور شہریوں نے شکوؤں اور شکایتوں کے انبار لگا دیے جبکہ ایک شہری نے کہا کہ اللہ سے معافی مانگو فاروق ستار، 25 سال سے اسلحے کے زور پر کھالیں چھین رہے ہو، اب ووٹ مانگنے آ گئے ہو۔

اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ انتخابی مہم میں ایک ایک گھر جائیں گے اور ماضی کی غلطیوں پرمعافی مانگیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کا ووٹ بینک کل بھی ایک تھا اور آج بھی ہے، اس لیے یقین ہے کہ جیت ہماری ہی ہو گی، انہوں نے کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تین کروڑ سے زائد آبادی کے شہر میں کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں، کیا کسی نے پوچھا کہ اس شہر کے عوام کس حال میں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شہبازشریف بتائیں کراچی کے مسائل پر کتنی بار آواز اٹھائی۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وسائل سے 20 فیصد کراچی کو ملنا چاہیے اور سرکلر ریلوے، کے فور کی بحالی، پانی، تعلیمی ادارے اوراسپتال بنائے جائیں کیونکہ اتنے بڑے شہر کا پیٹ بسوں کے لالی پاپ سے نہیں بھرے گا۔


متعلقہ خبریں