لاہور میں بارش نے تباہی مچا دی، دو افراد جاں بحق، 13 زخمی


لاہور: پنجاب میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے کئی شہروں کے نشیبی علاقے ڈوب گئے اور مختلف حادثات میں  دو افراد جاں بحق  اور 13 زخمی ہو گئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں جمعرات  سے شروع  ہونے والی بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہو گیا۔

لاہور میں بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے، 20 سالہ فیصل زمین  پر بچھائی جانے والے بجلی کے تاروں اور رائے ونڈ کےعلاقے میں 15 سالہ عمر بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔

بارش کے لاہور کی دو مساجد کی دیواریں گرنے سے 13 نمازی بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ نماز جمعہ سے قبل شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی علاقے بجلی سے بھی محروم ہو گئے جس کی وجہ لیسکو کے 70 فیڈرز کا  ٹرپ ہو جانا بتائی جاتی ہے۔

لاہورمیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ماڈل ٹاﺅن لنک روڈ پر جامع مسجد توحید کی محراب  نما دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر ایک بچے سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے جبکہ چوبرجی گول چکر کے قریب بھی نماز جمعہ کے دوران ہی مسجد کی دیوار نمازیوں پر آ گری جس سے چار افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک  بتائی جاتی ہے۔

شہر میں صبح سے ہونے والی بارش سے ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، مغل پورہ اور ماڈل ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں جبکہ اہم شاہراہیں زیرآب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں سب سے زیادہ  50 ملی میٹر بارش ایئر پورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی جبکہ گلبرگ میں 40 ، لکشمی چوک میں 33، نشتر ٹاﺅن میں 10، گلشن راوی میں 22، سمن آباد میں 15، جوہر ٹاﺅن میں 21، اپرمال پر 14، مغل پورہ میں 12، ناخدا چوک، پانی والا  تالاب میں 16 اور اقبال ٹاﺅن میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز بھی لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، قلات، کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، اسلام آباد،  فاٹا، کشمیراور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں  اور گرج  چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

قصور، ساہیوال، بہاولپور اور بورے والا  میں  وقفے  وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

دوسری جانب ملک کے بعض علاقوں میں جمعہ کے روز بھی شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں