ٹکٹوں کی تقسیم نے مجھے بوڑھا کر دیا، عمران خان


اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر میری اہلیہ نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا، چار ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لیے درخواست دی اور ابھی تک 650 لوگوں کو ٹکٹ دیے ہیں، جن کو ٹکٹ نہیں ملے وہ افسردہ نہ ہوں بلکہ الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ ایک دفعہ مجھے بھی میچ نہیں کھلایا گیا تھا جس کی وجہ سے بہت مایوسی ہوئی لیکن 20 کے اسکواڈ میں گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، کئی اچھے امیدوارتھےمگرکسی ایک کوٹکٹ دینا تھا، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا  کہ نواز شریف کے پاس پیسہ اور طاقت ہے اسی لیے وہ ابھی تک آزاد گھوم  رہے ہیں، اگر ان کی جگہ کوئی غریب انسان ہوتا تو آج وہ اڈیالہ جیل میں ہوتا، نوازشریف اور مریم نواز رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، نواز شریف نے 300 ارب روپے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بستر پر لیٹ کر ایسی تصویر بنائی کہ مجھے بھی ترس آنے لگا، آصف زرداری اور نوازشریف علاج کے لیے باہر جاتے ہیں، انہوں نے ایک بھی ایسا اسپتال نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کرا سکیں۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے زندگی میں مقابلہ کرنا سیکھا ہے اور مقابلے کا پہلا اصول یہ ہے کہ اپنے مخالف کو کبھی کمزور مت سمجھو، دو جماعتوں پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا تھا لیکن ہم نے قوم کو امید کی کرن دکھائی۔

عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں قوم کے پاس دو پاکستان میں سے ایک کے انتخاب کا موقع ہے، ایک طرف امیر ہیں جو پیسے کے ذریعے ہر چیز حاصل کر لیتے ہیں اور دوسری طرف غریب لوگ ہیں جو حالات کی چکی میں پستے رہتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب زرداری اور نوازشریف آئے تو ڈالر 60 روپے کا تھا جو اس وقت بڑھ کر 125 روپے کا ہو چکا ہے، ان دونوں  کے دس سالہ دور حکومت میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزارارب روپے بڑھ گیا، انہوں نے سوال کیا کہ یہ قرضہ کون اتارے گا؟

اس موقع پر عمران خان نے 23 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان بھی کیا۔


متعلقہ خبریں